زیورخ: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 40 کرنے پر غور کر رہا ہے اور آئندہ میٹنگ میں اس تجویز پر بحث کی جائے گی جسے ایشیائی اور افریقی نمائندوں کی مضبوط حمایت حاصل ہے۔
جمعرات کو ہونے والی فیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اس سلسلے میں کوئی باقاعدہ معاہد تو طے نہ پا سکا لیکن کمیٹی کے رکن ولف گینگ نیرس بیک نے کہا کہ اس پر آئندہ بحث کی جائے گی۔
انہوں نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ ورلڈ کپ کو 32 سے 40 ٹیموں تک توسیع دینے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اجلاس میں موجود ایشیائی اورافریقی نمائندے اس تجویز کے حق میں ہیں تاہم آئندہ اجلاس تک اس معاملے پر مزید کوئی بات نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ پہلے 16 ٹیموں تک محدود ہوتا تھا تاہم 1982 میں عالمی مقابلے میں ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 24 کر دی گئی جبکہ 1998 کے فرانس ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 32 کردی گئی اور یہ تعداد اب تک برقرار ہے۔
2018 اور 2022 ورلڈ کپ کی میزبانی کے حوالے سے منظر عام پر آنے والے فیفا کرپشن اسکینڈل کی وجہ سے 2026 ورلڈ کپ کیلئے جون میں ہونے والے بولی کے عمل کو ملتوی کردیا گیا تھا۔
اس سلسلے میں تازہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب جمعرات کو زیورک کے ایک پرتعیش ہوٹل میں کارروائی کے دوران جنوبی، وسطی اور شمالی امریکا کے فٹبال حکام کی گرفتاریاں عمل میں آئیں۔
یہ گرفتاریاں اسی ہوٹل سے عمل میں آئیں جو فیفا حکام کا پسندیدہ مقام ہے اور جہاں سے مئی میں فیفا کے صف اول کے سات افراد کی گرفتاریاں ہوئیں تھیں۔