برطانوی دارالعوام نے بدھ کو شام میں خود کو دولت اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم کے خلاف برطانیہ کو فضائی کارروائیوں کا اختیار دے دیا ہے۔
شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف برطانوی فضائی کارروائی کی حمایت میں ارکان پارلیمان کی جانب سے 397 ووٹ ملے جبکہ اس کی مخلافت میں 223 ووٹ پڑے۔
برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایوان میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گرد حملوں سے’برطانوی عوام کو محفوظ رکھنا ہے۔‘
ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ’انھوں نے ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے صحیح فیصلہ لیا ہے۔‘دوسری جانب اس فیصلے کے مخالفین کا کہنا ہے کہ یہ ایک غلطی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لیبر جماعت کے 67 ارکان پارلیمان نے بھی حکومت کی حمایت میں ووٹ ڈالے ہیں۔
حمایت حاصل ہونے کے بعد برطانوی فضائیہ جلد شام میں فضائی کارروائیوں کا آغاز کر دے گی۔
برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ کا کہنا ہے کہ ’برطانوی طیاروں کو جلد ہی تعینات کیا جائے گا، ممکنہ طور پر جمعرات کو ہی۔‘