انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کا باؤلنگ ایکشن غیرقانونی قرار پانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی باؤلنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادانہ جائزے میں نارائن کا ایکشن غیرقانونی قرار پایا کیونکہ ان کی کہنی 15 ڈگری سے زیادہ خم کھا رہی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کی معطلی پر فوری طور پر عمل درآمد ہو گا لیکن ایکشن کی درستی کے بعد وہ دوبارہ جائزے کی درخواست کر سکتے ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سنیل نارائن اس وقت ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک باؤلر ہیں اور ان پر پابندی سے ویسٹ انڈیز کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے کی تیاریوں کو دھچکا پہنچ سکتا ہے۔
سنیل نارائن کے باؤلنگ ایکشن سب سے پہلے گزشتہ سال چیمپیئنز لیگ میں شکوک کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد ان پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم رواں سال کے آغاز میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے منظور شدہ چنائی کی لیباٹری میں میں ٹیسٹ کے بعد ان کے ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا گیا تھا۔
نارائن کی یہ خوشی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور نومبر کے آغاز میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوران ان کے ایکشن پر ایک بار پھر شکوک کا اظہار کیا گیا اور ایکشن مشکوک ہونے پر ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اب اسپنر سنیل نارائن ایکشن کلیئر ہونے تک انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈین ڈومیسٹک کرکٹ کے سوا دنیا کی کسی بھی لیگ یا ڈومیسٹک مقابلے میں باؤلنگ نہیں کر سکیں۔