دولت اسلامیہ پر فضائی حملے برطانیہ کے مفاد میں ہیں

برطانیہ کے وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ پر فضائی حملے کرنا ملک کے ’قومی مفاد‘ میں ہے۔

image

برطانوی دارالعوام میں جمعرات کو خطاب کرتے ہوئے انھوں نے ان خیالات کو رد کیا کہ ایسا کرنے سے برطانیہ دہشت گردی کی کارروائیوں کا بڑا ہدف بن سکتا ہے۔

انھوں نے ارکانِ پارلیمان کو بتایا کہ برطانیہ پہلے ہی دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کا ہدف ہے اور اس معاملے سے نمٹنے کا واحد طریقہ یہی ہے ’فوری کارروائی‘ کی جائے۔
دارالعوام میں آئندہ چند ہفتوں میں حکومت کو فضائی حملے کرنے کی اجازت دینے کے معاملے پر ووٹنگ متوقع ہے۔
اپنی تقریر میں ڈیوڈ کیمرون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’برطانیہ اپنے تحفظ کی ذمہ داری اپنے اتحادیوں پر نہیں ڈال سکتا‘ اور اسے فرانس کا ساتھ دینا ہوگا۔
خیال رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں رواں ماہ ہونے والے حملوں کی ذمہ داری بھی دولتِ اسلامیہ نے ہی قبول کی ہے۔
برطانوی حکومت کا موقف ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کو عراق تک محدود رکھنا ’غیر منطقی‘ ہے

image
اس تقریر سے قبل برطانوی امورِ خارجہ کی کمیٹی کی رپورٹ کے جواب میں برطانوی وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ ’ہمارے مفادات اور عوام کو اس نوعیت کے خطرات لاحق ہیں کہ ہم لاتعلق نہیں رہ سکتے۔‘
امورِ خارجہ کی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں فضائی حملوں کی اجازت دیے جانے پر غور سے قبل متعدد اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دولتِ اسلامیہ سے نمٹنے اور شام میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے ’مربوط عالمی حکمتِ عملی‘ کے بغیر کوئی عسکری مداخلت نہیں کی جانی چاہیے۔
برطانوی پارلیمان کے ارکان سنہ 2013 میں شام کی حکومتی افواج کے خلاف فضائی حملوں کی مخالفت کر چکے ہیں تاہم انھوں نے بعدازاں عراق میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی تھی۔
حکومت کا موقف ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کو عراق تک محدود رکھنا ’غیر منطقی‘ ہے کیونکہ یہ تنظیم عراق اور شام کی سرحد کو تسلیم ہی نہیں کرتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں