بولی وڈ کامیاب ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ کو اپنی ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا سامنا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ہندوستان کی ایک این جی او کے صدر ہیمنت پٹیل کی جانب سے پونے کی عدالت میں فلم کے خلاف ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
وکیل واجد خان کے مطابق این جی او نے فلم میں باجی راؤ اور ان کی دونوں بیویوں کاشی بائی اور مستانی کے کردار کی غلط انداز میں عکاسی کا الزام عائد کرتے ہوئے فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ’باجی راؤ مستانی‘ میں پ
ریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون پر فلمایا ہوا گانا ’پنگا‘ بھی غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’پنگا‘ گانا مراٹھی ثقافت کی پہنچان ہے لیکن فلم میں اس گانے کو آئٹم سانگ کی طرح پیش کیا گیا ہے۔
اس درخواست میں فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ ساتھ دونوں اداکاراؤں دپیکا اور پریانکا کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔ عدالت اس درخواست کی سماعت 26 نومبر (کل) کرے گی۔
فلم ’باجی راؤ مستانی‘ 18 دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔