پاکستانی فضائیہ نے کہا ہے کہ میانوالی کے علاقے کنڈیاں میں جنگی طیارے کے حادثے میں ایک خاتون پائلٹ ہلاک اور ان کا ساتھی اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔
پاکستانی فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی اور فلائٹ آفیسر مریم مختیار معمول کی ایک آپریشنل تربیتی پرواز پر تھے جب مشن کے حتمی مرحلے میں انھیں ایک سنگین اِن فلائٹ ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان کے مطابق دونوں پائلٹوں نے طیارے کو آخری منٹ تک بچانے کی کوشش کی اور زمین پر موجود سویلین آبادی کو بچاتے ہوئے جہاز سے نکل گئے اور جہاز کنڈیاں میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تاہم زمین پر اترتے ہوئے مریم مختار ہلاک ہوگئیں جبکہ ثاقب معمولی زخمی ہوگئے۔
مریم مختیار نے گذشتہ سال بی بی سی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مردوں کے لیے مخصوص پیشے میں اس لیے کام کرنا چاہتی تھیں کیونکہ وہ ’کچھ مختلف‘ کرنا چاہتی تھیں۔