اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پرامن،خوشحال افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔
وزیر اعظم نے پیر کویہاں افغانستان کے وزیر خزانہ اکلیل احمد حکیمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے’پرامن اورخوشحال ہمسائیگی کے نظریے کے تناظر میں افغانستان کی امن او ر ترقی کی کوششوں میں تعاون کیلئے تیار ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ایک پرامن ‘ خوشحال اور ترقی یافتہ افغانستان ‘ پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔ نواز شریف نےافغان صدر اشرف غنی کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات میں مثبت رجحان پر اطمینان ظاہر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔’ پاکستان بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تمام اہداف کے حصول کیلئے افغانستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ طویل المدتی دوطرفہ اور علاقائی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جاسکے‘۔
افغان وزیر خزانہ نے افغانستان میں امن اور ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔