ریحام خان نے آخر کار خاموشی توڑ دی : طلاق کی وجہ بھی بتا دی

image
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے بی بی سی اردو کے ساتھ اپنے پہلے خصوصی ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ نہ تو اُن کا سیاست میں آنے کا پہلے کوئی ارادہ تھا اور نہ ہی اب ہے۔
انھوں نے کہا: ’میں سیاست میں نہیں آسکتی کیونکہ میں دوہری شہریت رکھتی ہوں اور اگر میں نہ بھی رکھتی تو مجھے لگتا ہے کہ ہمارے مسائل سیاست سے نہیں حل ہو سکتے۔ ہمیں ہماری سوچ کو بدلنا ہوگا۔‘
انھوں نے کہا: ’میں نے سیاست میں خان صاحب کی اِس وجہ سے حمایت کی کیونکہ وہ میرے خاندان کا حصہ تھے۔ میں اپنے خاندان کے باقی اراکین کے کاموں میں بھی ان کی مدد کرتی ہوں۔ خان صاحب کو اس بات پر کوئی اعتراض نہیں تھا۔‘
’میری زندگی میں اور طرح کے مقاصد تھے اور بس ہم ایک دوسرے کو سمجھ نہیں پائے۔‘
ریحام خان
ریحام خان نے کہا کہ ان کی شادی اس لیے ٹوٹی کیونکہ عمران خان اور ان کی ’آپس میں بن نہ سکی۔‘
ریحام خان نے کہا: ’زندگی میں میرے اور طرح کے مقاصد تھے اور بس ہم ایک دوسرے کو سمجھ نہیں پائے۔‘
جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کی طلاق اس لیے ہوئی کہ عمران خان کے منع کرنے کے باوجود آپ سیاست میں آنا چاہتی تھیں تو انھوں نے کہا: ’نہیں ایسی کوئی بات نہیں۔ کوئی بھی پاکستانی عورت تو ایسا سوچ بھی نہیں سکتی کہ وہ ایسی کسی بات پر طلاق کا فیصلہ کر لے۔‘
تحریک انصاف کے نظریے کے بارے میں جب ان سے پوچھا گیا تو ریحام خان نے کہا: ’دیکھیں نہ میں پہلے پاکستان تحریکِ انصاف کی رکن تھی اور نہ ہی میرا اس میں شمولیت اختیار کرنے کا ارادہ ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ انھوں نے پارٹی کے نظریے کے بارے میں کوئی خاص پڑھا بھی نہیں ہے۔
انھوں نے عمران خان کے ساتھ شادی کرنے سے پہلے کے واقعات کا ذکر بھی یہ کرتے ہوئے کیا کہ ’میں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے ساتھ شادی نہیں کی تھی۔ میں نے کسی مشہور کرکٹر کے ساتھ شادی بھی نہیں کی تھی۔ میں نے ایک ایسے انسان کے ساتھ شادی کی جو مجھے لگا کہ میری طرح کی زندگی گزار چکا تھا، ان کی بھی ایک طلاق پہلے ہو چکی تھی۔‘
ریحام کا کہنا ہے کہ جب عمران خان نے رشتے کی بات کی تو انھیں چند خدشات ضرور تھے۔
پاکستانی میڈیا کی خبروں اور ٹاک شوز میں ریحام اور عمران خان کی علیحدگی اور طلاق کا معاملہ ایک بڑے موضوع کے طور پر سامنے آیا ہے
’میں نے عمران خان کو کہا کہ میں آپ سے کیسے شادی کر سکتی ہوں؟ ایک تو میں آپ کو نہیں جانتی اور دوسرا آپ کے ساتھ عمران خان کا سٹیٹس جڑا ہوا ہے۔‘
ریحام خان نے کہا کہ ان کی اِس بات پر عمران خان نے ہنس کر کہا کہ وہ ’ساری زندگی تو ہر کام پبلک کے لیے نہیں کر سکتے‘ اور شادی وہ ’اپنی مرضی سے ہی کریں گے۔‘
ریحام خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے انھیں کہا تھا کہ ’ایک دفعہ وہ مسز عمران خان نیازی بن گئیں تو اُس کے بعد کوئی انھیں کچھ نہیں کہہ سکے گا اور یہ کہ اُن کے سارے مسائل ختم ہو جائیں گے۔‘
ریحام خان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے انھیں کہا کہ انھیں بزدلی سے کام نہیں لینا چاہیے جس کے بعد وہ شادی کرنے پر رضامند ہو گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں