بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ مکمل نتائج آگئے پنجاب میں ن لیگ اور سندھ میں پی پی پی کا راج

image

پاکستان کے صوبہ پنجاب 12اور سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے اب تک سامنے آنے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں حکمراں جماعت مسلم لیگ ن جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے برتری حاصل کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اب تک پنجاب میں کل 2399 نشستوں میں سے 2042 نشتوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں مسلم لیگ ن نے 931، آزاد امیدواروں نے 765، پاکستان پیپلز پارٹی نے 12، تحریک انصاف نے 301 اور جماعتِ اسلامی نے آٹھ نشتسوں پر کامیابی حاصل کی۔
سندھ سے موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق کل 1833 نشستوں میں سے 1643 کے نتائج آچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی وہاں 884 نشستوں کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔ آزاد امیدواروں میں سے 118 کامیاب ہوئے۔ ایم کیو ایم کے بھی 118 اراکین کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن نے سندھ میں 63 اور پاکستان تحریک انصاف نے فقط سات نشتیں حاصل کی ہے۔مسلم لیگ فنگشنل نے 22 اور دیگر جماعتوں نے 30 نشستیں حاصل کیں۔
الیکشن کمیشن حکام کے ترجمان کے مطابق انھیں اب تک 100 کے قریب شکایات موصول ہوئی ہیں تاہم وہ سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہیں۔
پنجاب کے جن 12 اضلاع میں ووٹنگ ہوئی ان میں خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، ساہیوال، چینوٹ، شیخوپورہ، حافظ آباد، اٹک، جہلم، گوجرانوالہ اور منڈی بہاؤ الدین شامل تھے۔

image
پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن کے لیے 12 ہزار کے قریب پولنگ سٹیشن بنائے گئے تھے۔
پہلے مرحلے میں مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی تھی۔
سندھ کے جن 14 اضلاع میں انتخابات ہوئے ان میں حیدرآباد ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈواﷲ یار ، مٹیاری ، دادو ، جامشورو ، بدین ، ٹھٹہ ، سجاول ، شہید بے نظیر آباد ، نوشہرو فیروز ، میرپور خاص ، عمر کوٹ اور تھرپارکر شامل ہیں۔
سکیورٹی خدشات کے باعث سانگھڑ میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں