فیس بک پر زیادہ دوست ہونا پریشانی کا باعث

کیا فیس بک پر آپ کے بہت زیادہ دوست ہیں ؟ اگر ہاں تو ہوسکتا ہے کہ ان کی موجودگی آپ کو ذہنی تناﺅ کا مریض بنا دے خاص طور پر اگر آپ نوجوان ہیں۔

یہ دعویٰ ایک کینیڈین تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

مانٹریال یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک پر تین سو سے زائد دوستوں کا ہونا ذہنی تناﺅ کا باعث بننے والے ہارمون کورٹیسول کی سطح میں نمایاں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آن لائن مقبولیت سوشل میڈیا پر ساتھیوں کا دباﺅ بڑھانے کا باعث بن سکتی ہے۔

اس تحقیق کے دوران کم عمر نوجوانوں پر ہونے والی 88 تحقیقی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔

یہ نوجوان اکثر فیس بک استعمال کرتے تھے اور ان کے دوستوں کی تعداد بھی کافی تھی جس کے بعد محققین نے نوجوانوں کے ہارمون کورٹیسول کے نمونے کئی بار مختلف اوقات میں حاصل کیے۔

محققین کا کہنا ہے کہ تین سو سے زائد فیس بک فرینڈز کی موجودگی سے کورٹیسول کی سطح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ہم تصور کرسکتے ہیں کہ ایک یا دو ہزار دوستوں کی موجودگی سے ذہنی تناﺅ کس حد تک بڑھ جاتا ہوگا۔

تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اس ذہنی تناﺅ کا مکمل ذمہ دار فیس بک کو قرار نہیں دیا جاسکتا اور اس حوالے سے دیگر عناصر کو بھی دیکھنا ہوگا۔

محققین کے مطابق فیس بک سے ذہنی تناﺅ بڑھنے سے نوجوانوں پر طویل المعیاد بنیادوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور ان میں بعد کی زندگی میں ڈپریشن کے مرض کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں