28 جولائی کو ڈبلیو ایچ او کے زیر اہتمام پوری دنیا میں ہیپاٹائٹس ڈے منایا گیا۔

کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) ڈاکٹر میاں عدیل عارف ڈی ایم ایس ٹی ایچ کیو ہاسپٹل کمالیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 28 جولائی کو ڈبلیو ایچ او کے زیر اہتمام پوری دنیا میں ہیپاٹائٹس ڈے منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں اس مرض کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ ہیپاٹائٹس کی پانچ مختلف اقسام ہیں۔ پنجاب بھر میں ہر نواں فرد ہے ہیپاٹائٹس بی یا سی کے وائرس سے متاثر ہے۔ صرف لا علمی اور بے احتیاطی کے باعث متاثرہ افراد کے خون اور جسمانی رطوبتوں کے ذریعے یہ وائرس صحت مند افراد میں منتقل ہو رہا ہے۔ استعمال شدہ سرنج کبھی استعمال نہ کریں۔ سرجری اور دانتوں کے علاج کے لیے ہمیشہ جراثیم سے پاک آلات پر اصرار کریں۔ خون دیتے یا لگواتے وقت تسلی کر لیں کہ خون ہر طرح سے محفوظ اور تصدیق شدہ ہے۔ دوسروں کے استعمال شدہ بلیڈز نیل کٹرز اور ٹوتھ برش ہرگز استعمال نہ کریں۔ پینے کے لیے صاف اُبلا ہوا پانی استعمال کریں اور ہاتھوں کا بار بار دھونا یقینی بنائیں۔ کچی سبزیاں اور پھل واش کر کے استعمال کریں۔ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ میں ہیپاٹائٹس کلینک قائم ہے جہاں پر لوگوں کو مفت طبی سہولیات مفت ٹیسٹ کی سہولیات اور حکومت کی طرف سے مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں