صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر، بار بار توجہ دلانے باوجود انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی
اہل محلہ کاACکمالیہ، ڈپٹی کمشنرٹوبہ اور مقامی نمائندگان سے صورتحال کے نوٹس کا مطالبہ
کمالیہ (ایڈیٹر نئی آواز ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) تفصیلات کے مطابق محلہ چڑھ اور اس سے ملحقہ گلیاں جس میں مسجد و مدرسہ ابو ایوب انصاری والی گلی اور ساتھ والی گلیاں، حاجی شفیع والی گلی اور دیگر کئی گلیوں میں صفائی کی صورت حال انتہائی ابتر ہے یہ گلیاں کئی دنوں سے دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ مسجد میں جانے والے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ ٹی ایم اے کمالیہ مسجد و مدرسہ کے تقدس کا کچھ تو خیال کریں۔ محلہ چڑھ کے ساتھ کمالیہ کے کئی گلی محلے سیوریج کے پانی سے بھرے پڑے ہیں۔ راہگیروں کو گزرنے میں مشکلات اور علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے۔ مقامی انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، اعلیٰ حکام نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار اہل محلہ مسعود انصاری، غلام جیلانی، منظور حسین انصاری، محمد امین، ذیشان، محمد اشرف، محمدا فضل، جنید جونی اور دیگر اہلِ محلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محلہ چڑھ اور اس سے ملحقہ گلیاں نہروں کی شکل اختیار کررہے ہیں۔ انتظامیہ کو شکایات کرنے کے باوجود ابھی تک نکاسی آب کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔ محلہ چڑھ اور اس سے ملحقہ گلیوں سے گزرنے والے افراد، سکول جانے والے بچے ّ اورشہری گھروں تک محصورہو کر رہ گئے ہیں اہل محلہ کے مطابق انہوں نے انتظامیہ کی توجہ بار بار اس ابتر صورتحال کی طرف دلوائی مگر کسی کے کانوں پرجوں تک نہ رینگی اہل علاقہ نے ACکمالیہ، ڈپٹی کمشنرٹوبہ اور مقامی نمائندگان سے صورتحال کے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔