چیمپئن شپ کا افتتاح ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر و دفاعی چیمپیئن اعجاز الرحمن نے کیا
کراچی (رپورٹ : ذیشان حسین) پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کراچی میں شروع ہوگئی ہے۔ چیمپئن شپ میں اعجاز الرحمان اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔
چیمپئن شپ کا افتتاح پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر خواجہ احمد مستقیم اور سندھ ٹین پن بائولنگ ایسوسی ایشن کے صدر علیم آغا کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ گزشتہ روز کھیلےگئےچیمپئن شپ کے مقابلوں میں ڈیف مینز ایونٹ ناصر ڈار نے جیت لیا جبکہ فہد اور احمد خان نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انوشہ انیل نے ڈیف ویمنز ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ارم اور بینش منیر نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ میڈیا ایونٹ میں سجاس کے شاہد انصاری نے کامیابی حاصل کی جبکہ سبط حسن اور جاوید اقبال نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے دو سو سے زائد مرد اور کھلاڑی نو مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کیٹگریز میں اوپن سنگلز، ایمچور، لیڈیز، انڈر 22، سینئر، میڈیا، ڈبلز، ڈیف اور مکس ٹیم کے مقابلے شامل ہیں۔ چیمپئن شپ 12 نومبر تک جاری رہےگی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے کہا کہ پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 2023 ہمارے ملک کی باؤلنگ کمیونٹی کے لئے ایک دلچسپ ایونٹ ہے۔ ایونٹ ہر سطح کے باؤلرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور پاکستان بھر کے باصلاحیت افراد سے مقابلہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ انہوں نےکہاکہ مجھے یقین ہے کہ اس طرح کے ٹورنامنٹ ہمارے ملک میں کھیل کی ترقی کے لیے بہت اہم ہیں اور ٹورنامنٹ نوجوان ٹیلنٹ کو باؤلنگ کے کیریئر کے سنجیدہ آپشن کے طور پر آگے بڑھانے کی ترغیب دیتے ہیں۔