بی ایس کلاسز کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سابق ایم این اے و پارلیمانی سیکرٹری، چوہدری محمد طفیل، مقصود احمد سندھو، پروفیسر محمد عثمان، محمد آصف اور دیگر کا خطاب۔
چیچہ وطنی (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ایڈیٹر نئی آواز) گورنمنٹ بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج چیچہ وطنی میں ایک جامع اور تکثیری معاشرے کی تعمیر کے لئے رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد ہوا۔ جس میں بی ایس کلاسز کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سابق ایم این اے اور سابق پارلیمانی سیکرٹری چوہدری محمد طفیل نے موجودہ چیلنجز سے نپٹنے کے لئے سیاست میں رواداری اور برداشت کا روئیہ اپنا کر آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ گزشتہ چند سالوں سے سیاست میں داخل ہونے والے تشدد روئیہ کی حوصلہ شکنی کی جائے اور باہمی احترام کا روئیہ اپنایا جائے۔ مقصود احمد سندھو نے عدم برداشت اور ہم آہنگی کے فقدان کی وجوہات اس کے نقصانات اور تکثیری معاشرے میں ہم آہنگی اور رواداری کےفروغ کی ضرورت کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔ پروفیسر محمد عثمان محمد آصف اور عثمان علی نے طلباء کو عصر حاضر کے ملکی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے اچھے رویئے اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وائس پرنسپل پروفیسر محمد سعید، محمد افضل طیار بھی اسٹیج کی زینت بنے۔ آخر میں پرنسپل قاسم علی اعوان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کالج کی طرف سے یادگاری شیلڈز پیش کیئں۔