دعائیں کبھی رد نہیں ہوتیں، ہاں زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آتا ہے کہ ہماری کوئی دعا قبول نہیں ہو رہی ہوتیں، کوئی واسطہ، کوئی وسیلہ کام نہیں آ رہا ہوتا۔ تب ہم ہر طرف سے مایوسی میں گھر جاتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ اب ہماری کوئی دعا قبول نہیں ہوگی۔ ہمارا رب ہم سے شاید ناراض ہوگیا ہے۔ اس وقت ہم دعا تو کرتے ہیں مگر وہ دعا یقین سے خالی ہوتی ہے۔ اور پھر ہماری زندگی میں ہی کچھ عرصے بعد وہ دعا قبول ہو جاتی ہے، ایک لمحے میں، اچانک سے۔۔۔ جب ہمیں اس دعا کے قبول ہونے کی ذرہ برابر بھی امید نہیں ہوتی۔ جب ہمیں اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ یہ دعا اب بھی قبول ہو سکتی ہے۔ اور اس وقت دل کی گہرائیوں سے ایک ہی صدا آتی ہے کہ “الحمد اللہ” شکر کے یہ کلمات ہمارے پورے وجود سے نکل رہے ہوتے ہیں۔ ہماری آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔ اور تب ہمیں یہ احساس ہوتا ہے کہ دعائیں کبھی رد نہیں ہوتی، بلکہ یہ تو عرش کے کسی صندوق میں محفوظ کر لی جاتی ہیں اور اس صندوق کی کنجی پر اس دعا کے قبول ہونے کا وقت درج کر لیا جاتا ہے جو درحقیقت اس دعا کے قبول ہونے کا بہترین وقت ہوتا ہے۔
اس لیے اگر اس وقت آپ کی کوئی دعا قبول نہیں ہو رہی تو بھی یہ یقین رکھیں کہ مستقبل میں آپ کی وہ دعا ضرور قبول ہو گی۔ ہو سکتا ہے کہ ابھی اس دعا کے قبول ہونے سے آپ کو ویسا فائدہ نہ ہو جیسا کچھ عرصہ بعد اس دعا کے قبول ہونے پر ہو۔ بے شک رب کائنات آپ کی دعائیں بہترین وقت پر قبول کرتا ہے۔
لہذا دعائیں پورے یقین کے ساتھ کریں وہ رب جانتا ہے کہ کب، کہاں اور کیسے کس دعا کو قبول کرنا ہے۔