جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے جاری آپریشن کے نتائج حاصل کرنے اور ملک میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ حکومت انتظامی امور کو بہتر کرے۔
روالپنڈی میں جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں ملک کی داخلی سکیورٹی اور آپریشن ضرب عضب پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد سمیت دوسرے آپریشنز میں ممکنہ رکاوٹوں، فاٹا اصلاحات اور تمام جاری مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر منطقی انجام تک پہنچانے کی ضروت ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی فوج کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب حال ہی میں اعلیٰ عدالتوں نے فوجی عدالتوں کے فیصلے مسترد کیا ہے۔
دوسری جانب ملک میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی کابینہ کے اہم وزرا کے مابین اختلافات کی خبریں بھی ذرائع ابلاغ میں گردش کر رہی ہیں۔
کور کمانڈر کانفرنس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی ہے کہ آپریشنز کی وجہ سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی جلد اپنے علاقوں میں واپسی کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ علاقوں میں تعمیرِ نو کا کام تیز کیا جائے۔
کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف کے آئندہ دور امریکہ میں جن اُمور پر بات کی جائے گی اُن پر بھی غور کیا گیا۔