خصوصی تقریب کا انعقاد،مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عہدیداران کی شرکت
ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے انحراف اپنی شناخت کھو دینے کے مترادف ہے: مقررین
کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ۔ ویب ایڈیٹر) تفصیلات کے مطابق چوہدری آرٹس کونسل اینڈ کلچرل ونگ کمالیہ کی تنظیم سازی کی تقریب کچی بستی محلہ بلال گنج داؤد میوزیک اکیڈمی کمالیہ میں منعقد ہوئی جس میں کمالیہ کی معروف سماجی شخصیت چوہدری سرور نورانگلینڈ سمیت سوسائٹی کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کلچرل ونگ کے زیر اہتمام محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب میں معروف سنگر ذوالفقار علی زلفی کو سوسائٹی کا نائب صدر برائے آرٹس امور اور معروف سوشل ورکر سابقہ فنانس سیکریٹری بار محترمہ عائشہ نورین چوہدری کو سوسائٹی کی نائب صدر برائے آرٹس امور مقرر کیاگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری آرٹس سوسائٹی اینڈ کلچرل ونگ کے صدر ایم افضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے انحراف اپنی شناخت کھو دینے کے مترادف ہے۔سوسائٹی کی نائب صدر برائے کلچرل امور اور ترجمان محترمہ عائشہ نورین چوہدری نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ہم جس چیز کو برصغیر کی ثقافت کہتے ہیں وہ بجائے خود برصغیر کے اسلام کی طرح باہر سے لائے گئے پودے کی حیثیت رکھتی ہے۔ برصغیر کی مسلم ثقافت کی تشکیل میں جن بیرونی اثرات کا کردار رہا ہے ان میں مغربی ثقافت کا رنگ نمایاں ہے۔ پروگرام کے اختتام پر معروف سماجی و سیاسی رہنما چوہدری سرور نور نے اپنے خطاب میں کہا کہ برصغیر میں موسیقی کی محفلوں نے سروں کے بجھتے ہوئے دیپ جلا دئیے۔ موسیقاروں کی دھنوں نے کئی شعراء کے کلام کو زندگی بخشی اور کئی خوبصورت آوازیں ابھر کر سامنے آئیں۔ یہاں ہندوؤں نے موسیقی کے سحر کو اپنایااور اسکے ذریعے اپنی آواز کا پیغام دنیا تک پہنچایا وہیں مسلمان اسکے سحر کو اپنائے بغیر نہ رہ سکے۔ پروگرام کے آخر میں معروف سنگر استاد لیاقت علی خان، وہیب شہزاد، ثناء چوہدری اور ذوالفقار علی ذلفی نے اپنے سروں کے جادو سے محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔