معروف و مشہور اور عالمی شہرت یافتہ برطانوی موسیقار جان لینن کے استعمال میں رہنے والا گٹار امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہونے والی ایک نیلامی میں 24 لاکھ ڈالر کا فروخت ہوا ہے۔
گبسن J160-E ماڈل کے اس گٹار کو جان لینن نے اپنے کئی معروف گانوں کی ریکارڈنگ میں استعمال کیا تھا۔
سنہ 1962 یہ گٹار امریکہ سے منگوایا گیا تھا اور امریکہ سے برطانیہ اس ماڈل کے صرف دو گٹار ہی لائے گئے تھے۔ ایک گٹار جان لینن کے لیے اور دوسرا بھی معروف برطانوی میوز ک بینڈ بیٹلز کے ہی رکن جارج ہیریسن کے لیے لا گیا تھا۔
جان لینن نے تقریباً ایک سال تک اس گٹار پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے بعد سنہ 1963 میں اسے جارج ہیریسن کے گٹار کے ساتھ بدل لیا تھا۔
یہ گٹار تقریباً ایک برس تک جان لینن کے زیرِ استعمال رہا
سنہ 1963 سے کسی کو نہیں معلوم تھا کہ یہ گٹار کہاں ہے لیکن گزشتہ برس اس کے بارے میں اس وقت اطلاعات سامنے آئیں جب اس کے موجودہ امریکی مالک کو احساس ہوا کہ اس گٹار کی تاریخی اہمیت بھی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جان وکاؤ نامی اس گٹار کے موجودہ مالک امریکی شہر سان ڈیاگو میں رہتے ہیں اور انھوں نے یہ گٹار ساٹھ کی دہائی میں 275 امریکی ڈالروں کے عوض خریدا تھا۔
مکاؤ کو اس گٹار کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب انھوں نے ایک رسالے میں جان ہیریسن کے متعلق شائع ہونے والے ایک اداریے میں اس کی تصویر دیکھی۔
گٹار کی بعد میں بیٹلز کے موسیقی کے انسٹرومنٹس کو پہچاننے میں مہارت رکھنے والے اینڈی بیبیک سے جانچ پڑتال کروائی گئی جنھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ وہی گٹار ہے جو جان لینن کے زیرِ استعمال رہ چکا ہے۔