اردن میں سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کے ایک تربیتی مرکز میں فائرنگ کے نتیجے میں دو امریکی اور ایک جنوبی افریقہ کا فوجی مارا گیا ہے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ دارالحکومت عمان سے باہر واقع ایک تربیتی سینٹر میں پیش آیا۔
حکومت کے ترجمان محمد مومنی نے بتایا ہے کہ حملے میں دو امریکی اور اردن کے چار اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انھوں نے بتایا ہے حملہ آور سینٹر میں موجود دیگر اہلکاروں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
اس سے پہلے سکیورٹی حکام نے بتایا تھا کہ حملہ آور نے خود کو گولی مار کر جان لے لی تھی
امریکہ کی مالی مدد سے چلنے والے اس تربیتی مرکز’موقر‘ میں عراقی اور فلسطینی افسران کو تربیت دی جاتی ہے۔
محمد مومنی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی بترہ کو بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ’ایک جرم‘ ہے اور اس حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اس واقعے پر امریکہ اور جنوبی افریقہ کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔