ٹوبہ ٹیک سنگھ(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔اپنے دورہ میں انھوں نے پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین میں قائم احساس کفالت پروگرام کے سینٹرمیں مستحق خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور مستحق خواتین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل پوچھے۔
بعض مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات دیں۔خواتین نے سینٹر میں کیے گئے انتظامات کی تعریف کی۔بزرگ خواتین نے وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو دعائیں دیں اور وزیراعلیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت نے غریب لوگوں کیلئے شاندار فلاحی کام کیا ہے۔ 12ہزار روپے کی رقم باعزت طریقے سے مل رہی ہے اورمالی امداد سے ہمیں بہت ریلیف ملا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مالی امداد کا پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور شفاف ترین پروگرام ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک لاکھ سے زائد مستحق افراد کو 3.3ارب روپے کی مالی امداد تقسیم کی جارہی ہے۔پنجاب میں مالی امداد کی تقسیم کے پروگرام کی خود نگرانی کررہا ہوں۔حقدار کو اس کا جائز حق دیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پناہ گاہ کا افتتاح کیااور مریضوں کے لواحقین کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ خواتین اورمردوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پناہ گاہ میں ہمارے لئے اچھے انتظامات ہیں اورکھانا بھی وقت پر ملتا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ پناہ گاہوں کا قیام موجودہ حکومت کا فلاحی اقدام ہے اورصوبہ بھر میں پنا ہ گاہوں کا دائر ہ کار وسیع کیا جا رہاہے-
ہسپتالوں میں بھی پناہ گاہیں بنائی جارہی ہیں،جہاں پر قیام پذیر افراد کوکھانے کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔بعد ازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں مرکزی نائب صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری محمد اشفاق، ایم این اے ریاض فتیا نہ،چئرمین فیڈمک میاں محمد کاشف اشفاق، صوبائی وزیراشفہ ریاض،ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری سعید احمد سعیدی،سو نیا علی رضاشاہ،محمد شہباز، پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران انتظامیہ کے افیسران بھی موجود تھے،اجلاس میں کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا گیاجبکہ گندم خریداری مہم اورانسداد ڈینگی کیلئے کیے جانے والے انتظامات پر بھی غورکیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ یہ وقت مشکل ضرور ہے لیکن ہمارا عزم اس سے کہیں بلند ہے۔ میں ہر ضلع میں جاکرخود زمینی حقائق دیکھ رہا ہوں۔اب تک 16شہروں کے دورے کرچکا ہوں۔انہوں نے کہاکہ کورونا کے ساتھ گندم خریداری اورانسداد ڈینگی پر بھی پوری توجہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کمزورطبقے کیلئے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج دیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے تعاون سے کورونا کے خلاف جنگ جیتیں گے۔اس جنگ میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے۔ہر قدم عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے اٹھا رہے ہیں۔میرا ایک ایک لمحہ اپنے عوام کیلئے وقف ہے۔شہر شہر دورے کر کے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کررہا ہوں۔یہ وقت صرف دکھی انسانیت کے دکھ بانٹنے کا ہے۔سیاست چمکانے والوں کو اپنے منفی رویے بدلنے ہونگے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری محمد اشفاق نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے انسداد کورونا کے لئے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ہرشہر خود جارہے ہیں اوردکھی انسانیت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔آپ خودکورونا وباء کی روک تھام کیلئے فرنٹ لائن پر آکر عوام کی خدمت کررہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔آپ نے ذ اتی نمائش کی بجائے زمینی حقائق کے مطابق عملی اقدامات کیے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو 2 وینٹی لیٹر، کٹس اور ماسک دینے پر چئرمین فیڈمک میاں محمد کاشف اشفاق کا شکریہ ادا کیا ،مقامی ممبرصوبائی اسمبلی چوہدری سعید احمد سعیدی اور میاں کاشف اشفاق کے پر زور مطالبے پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام، رجانہ تا مریدوالا روڈ اور شورکوٹ روڈ کی تعمیر، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن،دو موٹر ویز کے درمیان رجانہ سے ٹوبہ تک ون وے روڈ کی تعمیر,اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بقایا فنڈز دینےکا وعدہ کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنےپریس کانفرنس سے بھی خطاب کیااور ڈپٹی کمشنر آمنہ منیر اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار انور قریشی ،چیف ایگزیکٹو آفیسرہیلتھ ڈاکٹر ممتاز سیال اورایم ایس ڈاکٹر فائزہ ،کوکورونا وباء کے دوران دکھی انسانیت کی خدمت کرنے پرشاباش دی اوران کی خدمات کی تعریف کی۔،