نیویارک: امریکا کے شہر نیویارک میں کھیلے گئے آل اسٹار ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں وارن وارئیرز نے سچن بلاسٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
سچن بلاسٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر140رنز بنائے، جس کے جواب میں وارن وارئیرز نے چار وکٹیں دے کر مطلوبہ حدف حاصل کرلیا۔
امریکا کے میدان میں کرکٹ کا میلہ سجا تو کرکٹ کی خوشگوار یادیں پھر تازہ ہوگئیں اور وسیم اکرم، شین وارن، سچن ٹنڈولکر، شعیب اختر اور لارا سمیت دیگر پرانے سپراسٹارز کھلاڑیوں کو دیکھنے کے لئے پاکستانی اور ہندوستانی شائقین کی بڑی تعداد میدان میں اُمنڈ آئی۔
آل اسٹار ٹی ٹوئنٹی کے پہلے میچ میں وارن وارئیرز کے کپتان شین وارن نے ٹاس جیت کر سچن بلاسٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور بلاسٹرز کی جانب سے سچن ٹنڈولکر اور وریندر سہواگ نے اننگز کی اوپننگ کی۔
وریندر سہواگ صرف 22 گیندوں پر چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹنڈولکر 26، لکشمن 8 اور برائن لارا ایک رنز ہی بنا سکے۔
وارن وارئیرز کے کپتان شین وارن اور سائمنڈز نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ وسیم اکرم نے چار اوورز میں صرف سولہ رنز دئیے۔
پاکستان کے سابق کپتان کے سامنے حال ہی ریٹائر ہونیوالے وریندر سہواگ اور سچن ٹنڈلکر کھل کر نہ کھیل سکے۔ سوئنگ کے ذریعے وسیم اکرم نے کرکٹ فینز کی پرانی یادہ تازہ کیں۔ ٹنڈولکر اور سہواگ نے وسیم اکرم کے سامنے ماضی کی طرح سنگل ڈبل میں ہی عافیت جانی اور پہلے دو اوور میں وسیم اکرم نے صرف 11 رنز دئیے۔
وسیم اکرم نے اننگز کے اختتام پر اپنے ٹریڈ مارک یارکرز کے ذریعے شائقین کو کرکٹ کے سہنری دور کی یاد تازہ کروائی۔
سچن بلاسٹرز کے 140 رنز کے جواب میں وارن وارئیرز نے مطلوبہ ہدف صرف چار وکٹوں دے کر اٹھارویں اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔
وارن وارئیرز کی جانب سے رکی پونٹنگ نمایاں بلے باز رہے، جنھوں نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ سنگاکارا 41 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
سچن بلاسٹرز کی جانب سے شعیب اختر نے 26 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔