پکاسو کی پینٹنگ ’لا گومیوز‘ چھ کروڑ 75 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی
امریکی شہر نیو یارک کی ایک نیلامی میں مشہور مصور پکاسو کی پینٹنگز کے سلسلے میں سے ایک پینٹنگ کی سب سے زیادہ بولی لگی ہے۔
جمعرات کو نیلام گھر ’سدبیز‘ کی ’امپرشنسٹ اینڈ ماڈرن آرٹ‘ کی نمائش کے موقعے پر پکاسو کی پینٹنگ ’لا گومیوز‘ چھ کروڑ 75 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی۔
‘
یہ پیٹنگز پکاسو کی جانب سے 1901 اور 1904 کے درمیان بنائی تھیں جس کو بلیو پیریئڈ بھی کہا جاتا ہے۔ اس عرصے میں پکاسو نے نیلے رنگ کا استعمال زیادہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ مشہور مصور وین گوہ کی قدرتی منظر کی پینٹنگ کی بولی پانچ کروڑ 14 لاکھ ڈالر تک گئی۔
سدبیز نے ایک ہی دن میں دونوں پینٹنگز سمیت 30 کروڑ 67 لاکھ ڈالر جمع کیے ہیں۔
امپریشنسٹ اور جدید آرٹ کے شریک سربراہ سائمن شا نے اس نیلامی کے بارے میں کہا ’یہ فروخت چھوٹے پیمانے پر کی گئی تھی لیکن اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔‘
پکاسو نے اپنی پینٹنگ ’لا گومیوز‘ سنہ 1901 میں بنائی تھی جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کسی بھی دور میں آنے والے ان کی نیلی پینٹنگز میں سے سب سے زیادہ اہم ہے۔
پکاسو کی ’لا گومیوز‘ ایک برہنہ خاتون کی تصویر ہے۔
’گومیوز‘ نامی پینٹنگ کا انگریزی معنی ’گمی‘ ہے جو پکاسو کے زمانے میں کیفے میں گانے والی گلوکاروں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
رواں سال کے ابتدا میں پکاسو کی ایک مشہور پینٹنگ ’الجزائر کی عورتیں‘ نیو یارک کے نیلام گھر کرسٹیز میں 16 کروڑ ڈالر میں بکنے کے بعد کسی بھی نیلامی میں فروخت ہونے والی مہنگی ترین پینٹنگ بن گئی ہے۔