راولپنڈی نئی آواز ( نامہ نگار ) بارہ ممالک پر مشتمل ہیلی اسکی ٹیم نے راولپنڈی میں آئی ایس پی آر کا دورہ کیا، ٹیم کے ارکان نے پاکستان کی مسلح افواج کو دہشت گردی پر قابو پانے پر مبارکباد دی اور ملک میں سکیورٹی کی بہتر صورتحال پر اظہار مسرت کیا۔بارہ ممالک کے 38 غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے جی ایچ کیو میں آئی ایس پی آر کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹیم کو پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آئی ایس پی آر سربراہ نے کہا کہ آج پاکستان نہ صرف کھیلوں بلکہ سیاحت کیلئے بہترین اور محفوظ مواقع فراہم کر رہا ہے۔عالمی ٹیم کی ایک خاتون کھلاڑی نے پاکستان کو خوبصورت ملک اور اسکے باسیوں کو بہترین مہمان نواز قرار دیا ہے۔عالمی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہیلی اسکینگ اور سیاحت کیلئے دورہ کر رہی ہے جس کے انتظامات آئی ایس پی آر اور ٹریننگ ریسورس گروپ نے کئے ہیں۔ یہ عالمی ٹیم 15 فروری کو پاکستان سے روانہ ہو جائے گی۔ ایک یورپین کھلاڑی کہتے ہیں یہ انکا دسواں دورہ پاکستان ہے، وہ پاکستان میں خود کو بالکل محفوظ محسوس کرتے ہیں۔عالمی ہیلی اسکینگ ٹیم نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے دہشت گردی پر قابو پانے کی تعریف کرتے ہوئے کھیلوں اور سیاحت کیلئے محفوظ قرار دیا ہے۔