لندن نئی آواز ( بین الاقوامی ڈیسک ) مقبوضہ جموں کشمیر میں انڈین فوج کی شمالی کمان کے ایک کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں دو افسران سمیت سات فوجی ہلاک ہو گئے ۔
یہ گذشتہ دو ماہ کے دوران بھارتی فوج کے کسی ٹھکانے پر اپنی نوعیت کا یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔
انڈین فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق منگل کی صبح پولیس کی وردیوں میں ملبوس مسلح حملہ آوروں نے نگروٹہ میں کور ہیڈکوارٹر سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر تعینات فوجی یونٹ پر دھاوا بولا۔
حملہ آور دستی بم پھینکتے ہوئے اور فائرنگ کرتے ہوئے آفیسرز میس میں داخل ہوگئے۔
بیان کے مطابق ابتدائی جھڑپ میں ایک فوجی افسر اور تین اہلکار ہلاک ہوئے اور حملہ آور اس دوران دو ایسی عمارتوں میں داخل ہونے میں کامیاب رہے ہیں جہاں فوجی اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے حملہ آوروں نے وہاں موجود 12 فوجیوں، دو خواتین اور دو بچوں کو یرغمال بنا لیا۔
فوج کا کہنا ہے کہ تمام یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا تاہم بازیابی کے لیے کیے گئے آپریشن میں مزید ایک فوجی افسر اور دو اہلکار مارے گئے۔