موہالی میں بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت کو اپنی دوسری اننگز میں 142 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے تھے۔ جب کھیل کا اختتام ہوا تو پجارا 63 اور وراٹ کوہلی 11 رنز پر کھیل رہے تھے۔
میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے یہاں کلک کریں
بھارت کے بعد جنوبی افریقہ کے بلے باز بھی مشکل میں
اس سے قبل جمعہ کو جنوبی افریقہ نے 28 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم صرف 184 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ 63 رن اے بی ڈیویلیئرز نے بنائے جبکہ بھارت کی طرف سے ایشون نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے روز ہاشم آملہ اور ایلگر نے بیٹنگ شروع کی تو 85 کے مجموعی سکور پر ایلگر، ایشون کی ایک بال پر جدیجا کو کیچ تھما بیٹھے۔ انھوں نے 37 رنز بنائے۔
ہاشم آملہ جب 43 رن بنا کر کھیل رہے تھے تو اشون نے انھیں وکٹ کیپر ساہا سے سمٹپ کروا دیا اور اس طرح اس کی چار وکٹیں گر گئیں۔
ولاس بھی ایک رن بنانے کے بعد اشون کی ایک گیند پر جڈیجا کو کیچ دے بیٹھے اور فوراً بعد محض تین رن پر فیلینڈر کو جڈیجا نے آؤٹ کیا جن کا کیچ راہا نے نے پکڑا۔
سات رن بنانے کے بعد ہارمیر امت مشرا کی ایک گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے جبکہ جڈیجا نے ڈیل سٹین کو اس وقت سٹمپ کروایا جب وہ چھ رن بنا کر کھیل رہے تھے۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ہاشم آملہ محض 43 رن بنا سکے
ڈیویلیئرز کو امت مشرا نے بولڈ کر دیا اور عمران طاہر بھی چار رن بنانے کے بعد اشون کی ایک گیند پر پجارا کو اپنا کیچ تھما بیٹھے۔
پہلے روز ہی نو کے مجموعی سکور پر وین زویل اشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے تھے اور نو کے سکور پر ہی جڈیجہ نے ڈوپلیسس کو صفر پر آؤٹ کر دیا تھا۔
بھارت اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
بھارت کی طرف سے پہلی اننگ میں اوپنر مرلی وجے نے سب سے زیادہ 75 رن سکور کیے تھے جبکہ جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈین ایلگر نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔
اس سے قبل اسی دورے کے دوران ٹی20 اور ون ڈے میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ بھارت کو شکست دے چکا ہے۔