اسلام آباد ( نئی آواز ) سپیکر نے وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیت سے متعلق دائر کیا گیا ریفرنس ناکافی شواہد کی بنیاد پر مسترد کر دیا ۔
نواز شریف کے خلاف ریفرنس عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی طرف سے دائر کیا گیا تھا جس میں پاناما لیکس میں سامنے آنے والی آف شور کمپنیوں کی معلومات کے تناظر میں وزیرِ اعظم کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی گئی تھی، ہمارے نمائندہ کے مطابق 150 سے زیادہ صفحات پر مشتمل ریفرنس میں شیخ رشید نے موقف اختیار کیا تھا کہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد وزیر اعظم نے جھوٹ بول کر آئین کے آرٹیکل 63 کی شق 2 کی خلاف ورزی کی ہے اس لیے انھیں نااہل قرار دیا جائے۔
آئین کی ان شقوں کے مطابق صرف صادق اور امین شخص ہی قومی اسمبلی کا رکن بن سکتا ہے، پیر کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے یہ ریفرنس اس بنیاد پر مسترد کر دیا گیا کہ اس درخواست کے ساتھ ایسے دستاویزی شواہد موجود نہیں جن کی روشنی میں وزیرِ اعظم کو نااہل قرار دیا جا سکے۔