ڈپٹی کمیشنر کی نئی آواز سے خصوصی گفتگو۔
کوئٹہ نئی آواز ( ڈسٹرک رپورٹر) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایران کی جانب سے فائر کیے جانے والے مارٹرگولے گرے ہیں ، پنجگور کے ڈپٹی کمشنر مجیب الرحمان نے نئی آواز کے نمائندہ عزیز جان بلوچ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ یہ گولے ضلع کے علاقے پروم میں گرے۔ پروم ایران کے سرحد کے قریب واقع ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مارٹر کے گولے زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے لیکن ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے مارٹرگولوں کی فائرنگ کے واقعہ پر متعلقہ ایرانی حکام سے باقاعدہ احتجاج کیا گیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ اس پر ایرانی حکام سے فلیگ میٹنگ منعقد کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔
بلوچستان کے ایران کے ساتھ پانچ اضلاع کی سرحدیں لگتی ہیں۔ ان اضلاع میں چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر شامل ہیں ۔ بلوچستان کے ان اضلاع کے جو علاقے ایران سے لگتے ہیں وہ زیادہ تر دشوار گزار علاقوں پر مشتمل ہیں۔ ان اضلاع کے سرحدی علاقوں میں پہلے بھی ایران کی جانب سے راکٹ اور مارٹر کے گولے گرتے رہے ہیں ۔ رابطے میں مشکلات کی وجہ سے پنجگور کے علاقے میں مارٹر گولے فائر ہونے کے واقعے پر ایرانی حکام کا موقف معلوم نہیں ہوسکا۔