عامر خان کے ساتھ کو ئی جھگڑا نہیں ہے : سلمان خان

image

سپر سٹار سلمان خان نے اپنے ہم عصر اور دوست اداکار عامر خان کے ساتھ ناراضگی کی خبروں کو مسترد کر دیا۔

ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دینے والے سلمان اور عامر کے بارے میں گزشتہ مہینے ایک پارٹی میں جھگڑے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

اس کے علاوہ کہا جا رہا تھا کہ سلمان کی نئی فلم ’سلطان‘ اور عامر کی ‘دنگل‘ میں مشابہت کی وجہ سے دونوں اداکاروں میں تناؤ ہے۔

سلمان نے عامر کی نئی فلم ’دنگل‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کہانی بہت خوبصورت ہے۔ تاہم، سلمان نے پی ٹی آئی سے گفتگو میں تناؤ کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا’ آپ جانتے ہیں کہ ایسی خبریں کیسے لکھی جاتی ہیں۔ ہمارے درمیان ایسا کچھ نہیں ہوا‘۔

سلمان نے کہا کہ دنگل اور سلطان میں موازنہ ہونے کی صورت میں انہیں بہت افسوس ہو گا، کیونکہ دونوں فلموں کی کہانی یکسر مختلف ہے۔

’دونوں فلمیں بہت مختلف ہیں۔مجھے پتا ہے کہ عامر کیا بنا رہے ہیں۔دنگل ایک باپ او ر اس کے دو بچوں کی دلچسپ حقیقی کہانی ہے جبکہ میری فلم رومانوی ہے‘۔

’سلطان کا موضوع کھیل اور ایک ایسا شخص ہے جو جدو جہد کر کے دوبارہ اپنی زندگی حاصل کر لیتا ہے‘۔

سلمان نے بتایا ’ ہم دونوں ہی اپنی فلموں کے درمیان موازنہ نہیں چاہتے کیونکہ ہم حد ممکن طور پر مخلصانہ کام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہمارے مداحوں کو اگلے سال دو اچھی فلمیں دیکھنے کو ملیں‘۔

’میں دونوں فلموں کے حوالے سے کسی قسم کا فضول تنازعہ دیکھنا نہیں چاہتا‘۔

سلمان نے اپنی گفتگو میں شاہ رخ کے ساتھ حالیہ دوستی کا بھی ذکر کیا۔دونوں سٹارز کے درمیان 2008 میں خلیج پیدا ہو گئی تھی لیکن اب دونوں نے اپنے اختلافات ختم کر دیے ہیں۔

تاہم، سلمان یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر کیوں شاہ رخ کے ساتھ ان کی دوستی کو میڈیا میں اچھالا جاتا ہے۔’ہماری دوستی پر توجہ دینے سے بہتر ہے کہ ملک میں دوسرے معاملات دیکھیں جائیں‘۔

’لوگ دوسرے اہم مسائل کے بجائے میری، عامر اور شاہ رخ کی دوستی پر زیادہ گفتگو کرتے ہیں۔ہم محض فلمی ستارے ہیں جو اپنا کام کرنے کی کوشش کررہےہیں‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں