پاکستان کا ایک روزہ ٹیم کا اعلان یونس خان کی واپسی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی پاکستانی سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
ٹیم کا باضابطہ اعلان جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دو صفر کی فتح کے بعد کیا گیا؟
’ون ڈے سے ریٹائر نہیں ہوا، ایک دن ضرور کھیلوں گا‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا آغاز گیارہ نومبر سے ہوگا۔
یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت پر سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منیجمنٹ میں اتفاق رائے نہیں پایا جاتا ہے۔
سلیکشن کمیٹی یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ کی موجودہ فارم کی بنیاد پر ون ڈے بھی کھلانے کے حق میں ہے جبکہ ٹیم منیجمنٹ کا خیال ہے کہ مستقبل کو ذہن میں رکھتے ہوئے نوجوان کرکٹرز پر اعتماد ظاہر کرنے کی ضرورت ہے۔
ماضی قریب میں بھی یونس خان کو ان کی ٹیسٹ میچوں کی شاندار فارم کے سبب ون ڈے ٹیم میں شامل کیا جاتا رہا ہے کہ لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور پھر ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی تھی۔
یونس خان آخری بار ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی ورلڈ کپ میں کی تھی لیکن تین میچوں میں وہ بری طرح ناکام رہے تھے۔
یونس خان نے 264 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے چکے  ہیں جن میں وہ سات سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کی مدد سے 7240 رنز بنانے میں کامیاب رہے ہیں تاہم گزشتہ سات برسوں کے دوران وہ صرف دو سنچریاں بنا پائے ہیں۔
پاکستان کا ون ڈے سکواڈ اظہرعلی( کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، یونس خان، شعیب ملک، محمد رضوان، سرفراز احمد، بابر اعظم، بلال آصف، وہاب ریاض، راحت علی، ظفرگوہر، یاسر شاہ، محمد عرفان، عامریامین اور انور علی پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں