کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ایشیز کی فاتح ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا پاکستانی ٹیم کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔
مصباح الحق نے شارجہ ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد کہا کہ جیت جیت ہوتی ہے چاہے آپ کسی بھی ٹیم کے خلاف حاصل کریں لیکن ایک ایسی ٹیم جس نے ایشیز جیتی ہے اور جو دنیا کی صف اول کی ٹیموں میں سے ایک ہے اس کے خلاف سیریز کا جیتنا معمولی بات نہیں ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ تین صفر کی بات نہ کی جائے بلکہ یہ دیکھا جائے کہ اگر آپ انگلینڈ کے خلاف کسی بھی مارجن سے جیتیں گے تو اس کی بھی اہم اہمیت ہوگی۔
’ دو صفر کی جیت تین صفر کے کلین سوئیپ سے کسی طرح کم نہیں ہے ۔
‘
کپتان نے مزید کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی بدقسمتی رہی کہ اس کے میچ ونر یاسر شاہ ان فٹ ہو گئے اور وہ میچ نہ کھیل سکے جسکی وجہ سے کافی زیادہ فرق پڑا۔
یاسر شاہ نے سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں
پاکستانی کپتان نے انگلینڈ کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بہت ہی اچھی کرکٹ کھیلی۔ ’انگلش ٹیم بہت منظم رہی اور اس نے پاکستانی ٹیم کو نہ آسانی سے وکٹیں دیں اور نہ آسانی سے رنز بنانے دیے۔‘
مصباح الحق نے کہا کہ شارجہ ٹیسٹ کے آخری دن وہ اپنے بولرز کی عمدہ کارکردگی اور وکٹ کو دیکھ کر جیت کے لیے بہت زیادہ پرامید تھے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیریز سے قبل ہر ٹیم کی سوچ مثبت ہوتی ہےاور متحدہ عرب امارات میں چونکہ پاکستانی ٹیم بہت عرصے سے کھیل رہی ہے لہٰذا وہ یہاں کی کنڈیشنز سے اچھی طرح واقف ہے اور اسی وجہ سے وہ یہاں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے یہ سیریز تو جیت لی لیکن اب ان کنڈیشنز سے باہر جا کر کھیلنا اس کے لیے بہت بڑا چیلینج ہوگا۔