بر طانیہ نئی آواز ( نیوز ڈیسک ) امریکہ کا کہنا ہے کہ اس نے گوانتاناموبے جیل سے 15 قیدیوں کو متحدہ عرب امارات واپس بھیج دیا ہے جو صدر براک اوباما کے دورِ اقتدار کے دوران سب سے بڑی منتقلی ہے۔
امریکی محکمۂ دفاع کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان 15 قیدیوں میں سے 12 کا تعلق یمن سے، جب کہ تین کا تعلق افغانستان سے ہے۔
پینٹاگون کے مطابق گوانتاناموبے جیل سے ان 15 قیدیوں کی رہائی کے بعد اب وہاں قیدیوں کی تعداد کم ہو کر 61 رہ گئی ہے۔
گوانتاناموبے جیل کے قیدیوں میں سے متعدد کو ایک دہائی سے زائد عرصے تک بغیر کسی جرم یا مقدمے کے لیے قید رکھا گیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر براک اوباما سنہ 2002 میں قائم کی جانے والی گوانتاناموبے جیل کو اپنے عہدۂ صدارت چھوڑنے سے قبل بند کرنا چاہتے ہیں، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حکومت گوانتاناموبے جیل میں باقی رہ جانے والے قیدیوں کو امریکہ منتقل کرنا چاہتی ہے تاہم کانگریس اس کی مخالفت کر تی ہے، صدر اوباما کا خیال ہے کہ گوانتانامو بے سے جہادیوں کو امریکہ مخالف جذبات بھڑکانے میں مدد ملتی ہے۔