افغانستان کے صوبے لوگر میں جمعرات کو گرنے والے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور افغان صدر اشرف غنی نے ان کی جلد از جلد بازیابی کی ہدایات جاری کی ہیں۔
حکومت پنجاب کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر معمول کی مرمت کے لیے افغانستان کے راستے ازبکستان جا رہا تھا اور یہ جمعرات کی صبح ضلع عذرا میں گر گیا تھا۔
٭ ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کے لیے امریکی کمانڈر سے مدد طلب
اس واقعے کے بعد ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اس پر سوار سات افراد کو جن میں سے چھ پاکستانی اور ایک روسی شہری ہے، طالبان نے پکڑ لیا ہے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہیلی کاپٹر کا عملہ ان کی معلومات کے مطابق خیریت سے ہے جبکہ افغان طالبان کا کہنا ہے کہ وہ صوبہ لوگر میں اپنے ساتھیوں سے اس واقعے کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں افغان سفارت اہلکاروں کا کہنا ہے کہ عملے کے ارکان کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔