فرانس کے میڈیا اور عینی شایدین کے مطابق ملک کے جنوبی شہر نیس میں ایک ٹرک کے ہجوم کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں کم سے کم 70 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ فرانس کے قومی دن کی تقریبات میں آتش بازی کے مظاہرے کے دوران پیش آیا۔
مقامی علاقے میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں کیونکہ ’حملہ‘ ہوا ہے۔
نیس کے میئر کرسچن سٹراسی نے کہا ’ٹرک ڈرائیور نے بظاہر درجنوں افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔‘
نیس کے میئر اور پولیس نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ایلپس میری ٹائم ریجن کے سیباسٹین ہمبر نے فرانس کے بی ایف ایم ٹی وی کو بتایا ’شاید 30 کے قریب افراد ہلاک‘ اور 100 زخمی ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرک ڈرائیور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
نیس میں ماٹن نامی اخبار سے تعلق رکھنے والے صحافی کا کہنا ہے کہ جائے وقوع پر ’بہت زیادہ خون اور متعدد افراد زخمی ہیں۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ آتش بازی کے مظاہرے کے اختتام کے دوران پیش آیا۔
ان کا مذید کہنا تھا ’ہم نے کئی افراد کو زخمی حالت میں دیکھا۔‘
ایک عینی شاید نے فرانس کے بی ایف ایم ٹی وی کو بتایا ’ہر کوئی کہہ رہا تھا کہ بھاگو بھاگو، یہاں حملہ ہو گیا ہے، بھاگو بھاگو۔‘
عینی شاید کے مطابق ہم نے کچھ دھاکے سنے تاہم ہمارا خیال تھا کہ فرانس کے قومی دن کے حوالے سے کی جانے والی آتش بازی کی وجہ سے ہے۔
ایک اور عینی شاید رائے کیلے نے بی بی سی کو بتایا ’جس وقت یہ حادثہ پیش آیا تو وہاں ہزاروں افراد جمع تھے۔‘