ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکی کو خطے میں سفارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ٹی وی پر نشر ہونے والے اس خطاب کو ترک حکومت کی پالیسی میں نیا موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ 2011 میں شام کے تنازعے کے آغاز ہی سے ترکی اور شام کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
ترکی کا عرصہ دراز یہ کہنا ہے کہ علاقائی امن صرف اسی صورت میں بحال ہو سکتا ہے اگر شامی صدر بشار الاسد اقتدار سے الگ ہو جائیں۔
بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں استحکام انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے اہم ہے۔
استنبول میں بی بی سی کی نامہ نگار کیٹی واٹسن کا کہنا ہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے۔
حال ہی میں ترکی نے اسرائیل اور روس کے ساتھ کشیدگی میں کمی کرتے ہوئے تعلقات بحال کیے تھے۔