بی بی سی کے مطابق برطانوی پولیس کی دستاویزات میں منی لانڈرنگ کے معاملے میں تحقیقات کا سامنا کرنے والی پاکستانی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ سے منسلک لندن کے 70 سے زائد بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات موجود ہیں۔
ان اکاؤنٹس میں سے 26 متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے نام پر ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین 20 برس سے زائد عرصے سے لندن میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا ہے کہ برطانیہ میں مقیم ایم کیو ایم کے عہدیداران کو منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا یا نہیں۔
چھ برطانوی اہلکاروں نے بھی حال ہی میں منی لانڈرنگ کے اس مبینہ معاملے میں تعاون کے لیے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔