کراچی میں بڑ ے بڑے پراجیکٹس کے لئے وزیر اعظم میاں نواز شریف ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں:سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن،یوکے
لندن(نئی آواز )پاکستان مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر رانا بشارت علی خاں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کا حالیہ وفاقی بجٹ پر بیان تشویشناک ہے، جس نے ہر محب وطن کو مضطرب کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پورے ملک کی ترقی کے لئے یکساں اقدامات عمل میں لارہی ہے جس کا واضع ثبوت سی پیک منصوبہ ہے اس کے ساتھ کراچی میں بڑ ے بڑے پراجیکٹس کے لئے وزیر اعظم میاں نواز شریف ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ قوم اب باشعور ہو چکی ہے پی پی پی کی قیادت کو سندھ کارڈ کی سیاست ترک کرکے ایشوز پر سیاست کرنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ پاکستان مملکت خداد اد ہے جسے اب کوئی تقسیم کر سکتا ہے اور نہ ہی نقصان پہنچا سکتا ہے، یہ وطن ہمیشہ رہنے کے لئے بنا ہے اور اسکی منتخب سیاسی حکومت اور عسکری قیادت ملک کے خلاف ہرقسم کی سازشیں ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے بہترین،عوام دوست اورمتوازن بجٹ پیش کیا ہے ۔زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے تاریخ ساز خصوصی پیکج دیا گیا ہے ۔یوریااور ڈی اے پی کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ حقیقی معنوں میں کاشتکار کو پہنچے گا، انہوں نے کہا کہ زرعی قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے اعلان سے زرعی معیشت ترقی کرے گی اور کسان خوشحال ہو گا ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کھاد او ریوریا کی قیمتوں ، ٹیوب ویلوں کے لئے سستی بجلی کی فراہمی اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کسانوں کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ثابت کیاہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت کسان او رعوام دوست ہے ۔