اسلام آباد ( نیوز ڈیسک )جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد میں ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات میں علاقائی سلامتی سمیت دیگر اہم معاملات پر بات کی۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر کے ساتھ پاکستان کودرپیش چیلنجوں کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں پاکستان کےداخلی معاملات خصوصاً پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی راکی مداخلت کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے علاقائی سلامتی، پاک ایران تعلقات اور سرحدی سیکورٹی اور روابط سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقعے پر ایرانی صدر نے پاک فوج اور آپریشن ضرب عضب میں اس کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔
اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے مشترکہ کاروباری فورم کا بھی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف اور ایرانی کے صدر حسن روحانی نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات باہمی احترام ، مشترکہ ثقافت اور مذہب کی بنیاد پر قائم ہیں۔
انھوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام کے لیے دہشت گردی اور توانائی کے چیلنجوں سے نمٹنا ناگزیر ہے۔