پٹھان کوٹ حملے میں بھارت کا پاکستان پر اطمینان

image

دہلی: ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کے سلسلے میں پاکستانی تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کو نئی دہلی آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

نئی دہلی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان وکاس سوارپ کا کہنا تھا،’ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مکمل تعاون کریں گے۔یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم ہندوستان بھیجنے کا عندیہ دیا گیا تھا.

وکاس سوارپ نے بتایا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان خارجہ سیکریٹریز سطح کے مذاکرات ملتوی کردیئے گئے ہیں، جن کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مذاکرات کی تاریخ تبدیل کرنےپر راضی ہوگیا ہے کیوں کہ دونوں ممالک کو مذاکرات پر تیاری کے لیے وقت درکار ہے.

اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ پاک-ہند سیکریٹری خارجہ مذاکرات رواں ماہ 15 جنوری کو شیڈول ہیں.

پاکستان میں کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کی گرفتاری کے حوالے سے کیے گئے سوال پر وکاس سوارپ نے کہا کہ انھیں اس کا علم نہیں تاہم جیش محمد کے خلاف کارروائی پاکستان کا ایک مثبت قدم ہے.

خیال رہے کہ ہندوستان نے مسعود اظہر کو پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں