جب تک انکو نقصان نہیں پہنچے گا پٹھان کوٹ جیسے حملے ہوتے رہے گے

image

بھارت کے وزیر دفاع منوہر پریکر نے کہا ہے کہ جب تک ان لوگوں کو تکلیف نہیں پہنچائی جائے گی جو بھارت کونشانہ بناتے ہیں پٹھان کوٹ جیسے حملے بند نہیں ہوں گے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’اسے حکومت کا نظریہ نہ سمجھا جائے لیکن میں ہمیشہ یہ مانتا ہوں کہ جب کوئی آپ کو نقصان پہنچاتا ہے تو وہ خود بھی وہی زبان سمجھتا ہے۔ (جواب کے لیے) کب کہاں اور کیا، یہ فیصلہ آپ کا ہونا چاہیے۔‘
منوہر پریکر نے کہا ’اگر کوئی بھارت کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص یا تنظیم کو  بھی تکلیف محسوس کرائی جائے۔ جب تک ہم انھیں تکلیف کا احساس نہیں کراتے، وہ ہمیں تکلیف پہنچاتے رہیں گے۔‘
بھارتی وزیرِ دفاع کے مطابق ’میں ہمیشہ اپنے فوجیوں سے کہتا ہوں کہ اپنی جان قربان کرنے کی بجائے وہ اپنے یا ملک کے دشمن کی جان لینے کے بارے میں سوچیں اور یہ ہی ہمارا ہدف ہونا چاہیے۔‘
منوہر پریکر نے کہا وہ کسی خاص تناظر میں بات نہیں کر رہے لہذا ان کی بات سے کوئی خاص مطلب نہ نکالا جائے۔ اپنے بیان میں انھوں نے پاکستان کا نام نہیں لیا۔
ادھر بھارت نے ابھی پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ سشما سواراج نے پیر کو اس سلسلے میں صلاح مشورہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں