اسلام آباد:پی ٹی وی اورپارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزمان عدالت میں پھٹ پڑے۔ملزموں کا کہنا تھا کہ کیسز رہنماؤں پر بھی ہیں،عمران خان اورطاہرالقادری بھی عدالت میں پیش ہوں۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج کوثرعباس زیدی نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔ضمانت پررہا ہونے والے ایک سوتین ملزمان کوعدالت میں پیش کیاگیا تاہم پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کی جانب سے کوئی رہنماعدالت میں پیش نہیں ہوا۔عدالت کو بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کےخلاف دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔عدالت نے سماعت یکم فروری تک ملتوی کرتے ہوئے تیرہ کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ سماعت کے بعد ملزم کارکنان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہرسماعت پرانتظارمیں رہتے ہیں کہ کوئی رہنما بھی عدالت میں پیش ہو۔ہم نے ان رہنماؤں اور قیادت کے لیے دھرنے دئیے، مگر ہمارے لیے کوئی بھی دھرنانہیں دیتا۔