اسلام آباد: (نئی آواز) پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ ذولفقار علی بھٹو اپنی شعلہ بیانی اور بے باک ہونے کے باعث پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین وزیراعظم تھے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 1950 میں برکلے یونیورسٹی کیلیفورنیا سے سیاسیات میں گریجویشن کیا۔ 1952 میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے اصول قانون میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور اسی سال مڈل ٹمپل لندن سے بیرسٹری کا امتحان پاس کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو 1958 سے 1966 تک ایوب خان کی کابینہ میں وزیر تجارت، وزیر اقلیتی امور، قومی تعمیر نو اور اطلاعات، وزیر صنعت و قدرتی وسائل، وزیر برائے امور کشمیر اور وزیر خارجہ بھی رہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے دسمبر 1967 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔1970ء کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے مغربی پاکستان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ دسمبر 1971ء میں جنرل یحیٰی خان نے پاکستان کی حکومت ذوالفقار علی بھٹو کو سونپ دی۔ وہ دسمبر 1971 سے اگست 1973 صدر مملکت کے عہدے پر فائز رہے اور 14 اگست 1973 کو نئے آئین کے تحت وزیراعظم کا حلف اٹھایا۔