لودھراں : کپتان نے مہنگائی اور کرپشن کیخلاف بھرپور مہم چلانے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں لودھراں والے کسی پیکیج سے بکنے والے نہیں ۔
میٹرو بس، اونج لائن منصوبوں کا پیسہ تعلیم اور صحت پر خرچ ہونا چاہئے، ظلم کا نظام ہے، تبھی عوام تبدیلی چاہتے ہیں، نئے پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، جب تک مجرموں کو سزا نہیں ملے گی چپ نہیں بیٹھیں گے، میاں صاحب میں مؤقف سے پیچھے ہٹنے کی عادت ہے۔لودھراں میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ایک بار پھر حکومتی پالیسیوں پر کھل کر برسے، تعلیم، صحت، پولیس اور عوامی منصوبوں پر رقم خرچ نہ کرنے پر ن لیگ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔پی ٹی آئی چیئرمین بولے کہ ایک کروڑ سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پاکستان کے کسان ترسے ہوئے ہیں، پاکستان میں کپاس کی پیداوار 30 فیصد کم ہوئی ہے، ملک میں کسانوں کا معاشی قتل کیا جاتا ہے، میٹرو بس، اونج لائن منصوبوں کا پیسہ تعلیم، صحت اور پولیس سسٹم درست کرنے پر خرچ کیا جانا چاہئے، ڈیزل کی قیمت 19 روپے فی لیٹر تک کم ہونی چاہئے۔عمران خان کہتے ہیں کہ 2013 میں اتنا جنون نہیں دیکھا، جتنا اب دیکھ رہا ہوں، لودھراں کا الیکشن تبدیلی کی طرف پہلا قدم ہوگا، جہانگیر ترین کی وجہ سے نواز شریف نے ڈھائی ارب روپے کا پیکیج دیا، لودھراں کے لوگ کسی پیکیج پر بکنے والے نہیں، لودھراں والے تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں، ظلم کا نظام ہے، تبھی عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی کپتان نے مہنگائی کیخلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی میں مہم چلائیں گے، نئے پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں، میاں صاحب کی بری عادت ہے زبان پر قائم نہیں رہتے، میں کرپٹ اور دھاندلی کرنیوالوں کو نہیں چھوڑوں گا، 22 جماعتوں نے کہا 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی، عمران خان چپ نہیں ہوگا، دھاندلی کیخلاف بولتا رہو گا، جب تک مجرموں کو سزا نہیں ملے گی چپ نہیں بیٹھیں گے۔