کمالیہ ( نئی آواز ) تحصیل کمالیہ کے حلقہ پی پی 89 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 89 میں ضمنی الیکشن ہونے جا رہا ہے جس میں مسلم لیگ ن نے یوسف رضا گیلانی کے بھانجے پیر علی بابا کو ٹکٹ دے دی ہے جو کہ سابقہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی کے امیدوار تھے اور بلدیاتی انتخابات میں علی بابا گروپ کے نام سے آزاد حیثیت میں حصہ لیا تھا ۔
دوسری طرف تبدیلی کی جماعت میں عین موقع پر آکر اپنا امیدوار ہی بدل دیا جس سے حلقہ کے لوگوں میں بے چینی سی پھیل گئی ہے ۔
تحریک انصاف ہیومین رائیٹس کمیشن کے چیرمین اور سابقہ ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے ایک دن پہلے ہی پی ٹی آئی کا ٹکٹ سید علی رضا شاہ کی بیٹی سیدہ سونیا علی رضا شاہ کو دینے کا اعلان کیا تھا یاد رہے کہ اس حلقہ سے سید علی رضا شاہ ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور انکی وفات کے بعد اس حلقہ میں ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے ۔
لیکن صورت حال ایک دم تبدیل ہو گئی جب سابقہ ضلع ناظم چوہدری اشفاق نے جمعرات کے روز پاکستان ہاکی کے اولمپئین رانا شفیق خان کو تحریک انصاف کا ٹکٹ دے دیا جس سے اچانک حلقہ میں بے چینی کی لہر دوڑنے لگی ہے ۔ جس پر ریاض فتیانہ نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آسانی سے الیکشن جیت رہے تھے لیکن ٹکٹ ملنے والا امیدوار تیسرے نمبر پر آئے گا انھوں نے مزید کہا کہ میں نے ورکرز کے ساتھ مل کر دن رات انتھک محنت کی لیکن ٹکٹ دینے سے پہلے مجھ سے پوچھا بھی نہیں گیا انکا کہنا تھا کہ میں اس حلقے سے متعدد بار منتخب ہو چکا ہوں اس لئے اسطرح کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ چوہدری اشفاق کو میرے حلقے میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے تھی پارٹی کی بہتری اسی میں ہے کہ انکو اپنے حلقہ تک محدود کیا جائے ۔
واضح رہے کہ ماضی میں ریاض فتیانہ اور چوہدری اشفاق کے درمیان تعلقات کافی شدید رہے ہیں اور یہ مخالفت کئی سالوں سے چلی آرہی تھی لیکن فتیانہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد زیادہ تر دونوں کو اکٹھا دیکھا گیا جس پر کہا جا رہا تھا کہ آپس کے اختلافات ختم ہو چکے ہیں اور جماعت کی بہتری کے لئے دونوں مل کر کام کر رہے ہیں