دولت اسلامیہ کا بڑا حملہ پسپا کر دیا گیا

image

 کرد فوج نے اتحادی افواج کی فضائی مدد کے ذریعے دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کی جانب سے پانچ ماہ میں کیے جانے والے سب سے بڑے حملے کو پسپا کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق عراق کے شہر موصل کے قریب مختلف مقامات پر دولتِ اسلامیہ نے بدھ کو حملے کیے۔
م
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح تک جاری رہنے والے حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے 180 جنگجو ہلاک ہوئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ایک برس سے موصل دولت اسلامیہ کے کنٹرول میں ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ انتہاپسندوں نے عراق میں کرد پیش مرگہ فوج پر بدھ کو رات گئے حملے کیے جن میں مشین گنوں، کار بموں، راکٹوں اور بلڈوزروں کا استعمال کیا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی فوج کے ترجمان کرنل سٹیون وارن نے بتایا ہے کہ موسمِ گرما سے اب تک دولتِ اسلامیہ کی جانب سے کیا جانے والا یہ سب سے بڑا حملہ تھا جسے پیش مرگہ نے ناکام بنا دیا۔
بریگیڈیئر جنرل مارک اوڈم عراق میں امریکہ کے سینیئر افسر ہیں۔ نیویارک ٹائمز نے ان کے حوالے سے لکھا ہے کہ یہ حملہ شاید موصل کا کنٹرول واپس لینے کے منصوبے میں رخنہ ڈالنے کے لیے کیا گیا۔
دولتِ اسلامیہ نے جن مقامات کو نشانہ بنایا ان میں بشیقہ بھی شامل ہے۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں ترک فوج نے عراق سے تعلق رکھنے والے کردوں کو تربیت دی تھی جس کی وجہ سے عراق اور ترک حکومت کے درمیان کشیدگی بھی پیدا ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں