سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست سماعت کے لئے منظور

image

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کے ملزم اور سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی طرف سے اس مقدمے کے اہم گواہ امریکی شہری مارک سیگل کے بیان کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔
اس مقدمے کے سرکاری وکیل کے مطابق متعقلہ عدالت تین ماہ اس قسم کی درخواست پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔
’بینظیر بھٹو کی سکیورٹی بہتر تعلقات سے مشروط کی گئی‘
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ایوب مارتھ نے سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کی سماعت کی تو اس مقدمے کے ملزم پرویز مشرف کے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
اُنھوں نے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ امریکی شہری نے ویڈیو لنک کے ذریعے جو بیان ریکارڈ کروایا ہے اس کی قانونِ شہادت میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ مارک سیگل نے اس اہم مقدمے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کا لکھا ہوا بیان پڑھا۔
اُنھوں نے کہا کہ جس وقت مارک سیگل اپنا ریکارڈ کروا رہے تھے اس وقت ان کے پاس کوئی بھی جوڈیشل افسر موجود نہیں تھا اس لیے قانونی اعتبار سے اس بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
اس مقدمے کے سرکاری وکیل کے مطابق مارک سیگل نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ بےنظیر بھٹو نے اُنھیں بتایا تھا کہ اس وقت کے فوجی صدر مشرف نے ٹیلی فون کر کے انھیں (بےنظیر بھٹو) کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے انسداد دہشت گردی کی عدالت مارک سیگل کے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے سے متعلق ایک درخواست تین ماہ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے جس کے بعد مارک سیگل کا بیان ریکارڈ کیا گیا تھا۔
یہ درخواست بھی ملزم پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی کی طرف سے دائر کی گئی تھی۔ اس مقدمے کے سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت نے اُنھیں سنے بغیر ہی اس مقدمے کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کر دی۔
سابق فوجی صدر کے وکلا نے بدھ کے روز مارک سیگل کے بیان پر ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کرنی تھی اور اس کے لیے راولپنڈی کے کمشنر آفس میں عارضی طور پر عدالت بھی قائم کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں