کراچی(اذلان شاہ )گوانتاناموبے میں 13 سالہ سے پاکستان کا ایک بے گناہ ٹیکسی ڈرائیور قید ہے جس کو جنرل پرویز مشرف کی حکومت کے دور میں امریکا کے حوالے کیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انگریزی اخبار دی نیوز میں ایک تحریر میں لکھا ہے کہ 13 سال بعد یکم دسمبر 2015 کو امریکی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ مصطفیٰ العزیز ال شمیری وہ نہیں جس کو وہ سمجھ رہے تھے۔واضح رہے کہ مصطفیٰ العزیز ال شمیری ایک یمنی شہری تھا جس کو امریکی فوج نے دہشت گردی کی تربیت دینے والے کیمپ کا امیر عبد القدوس سمجھ کر گرفتار کیا تھا۔عمران خان نے مزید لکھا ہے کہ 13 سال بعد اس کی مسلسل حراست کا جائزہ لینے کے لیے پیئروڈک ریویو بورڈ (پی آر بی) کا اجلاس ہوا جس میں امریکی فوج کا اعتراف سامنے آیا کہ اس کی شناخت میں غلطی ہوئی۔اسی یمنی باشندے کے ساتھ ایک پاکستانی کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ احمد ربانی کی زندگی بھی الشمیری کے ساتھ ساتھ متوازی کئی برس سے چلتی رہی۔13 سال قبل گرفتار ہونے والے احمد ربانی کے حوالے سے انہوں نے تحریر کیا کہ ربانی پاکستان کا شہری ہے، جو کہ کراچی میں ٹیکسی ڈرائیور تھا۔عمران خان نے کے مطابق جنرل پرویز مشرف کی حکومت میں احمد ربانی کو امریکا کو مطلوب ‘گل حسن’ ہونے کی شبہ میں گرفتار کیا ، اس کی گرفتاری کے اگلے روز یہ بات سامنے بھی آ گئی کہ وہ گل حسن نہیں بلکہ احمد ربانی ہے، جنرل مشرف کی حکومت نے غلطی کی لیکن وہ پھر بھی حراست میں ہی رہا۔اس مضمون میں یہ بھی بتایا گیا کہ ربانی کو 540 دن (تقریباََ ڈیڑھ سال) امریکی ادارے سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) کے بدترین تشدد کا سامنا رہا جبکہ اس کو پاکستان سے گرفتاری کے بعد افغانستان لے جایا گیا تھا۔کراچی کے ٹیکسی ڈرائیور کے حوالے سے انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اس کی بیوی کو 6 سال تک اپنے شوہر کی گرفتاری کا پتہ نہیں چلا اور اس کی گمشدگی ہی میں چند ماہ بعد اس کا بیٹا *جواد * پیدا ہوا، جواد اب 13سال کا ہو چکا ہے، جس سے وہ کبھی ملا ہی نہیں۔انہوں نے جنرل پرویز مشرف کی کتاب ‘ان دی لائن آف فائر’ (In The Line of Fire) کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ پرویز مشرف کے کچھ حکام نے ربانی کو ‘سزاء4 ‘ پر بھیجنے کے 5 ہزار ڈالر وصول کیے۔عمران خان کے مطابق امریکی فوج نے احمد ربانی کو سماعت کا حق دینے سے انکار کر دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکتا۔احمد ربانی کے حوالے سے وہ لکھتے ہیں کہ انصاف کے حصول کے لیے وہ 2 سال سے بھوک ہڑتال پر ہے، اسے انتہائی تکلیف دہ انداز میں جبری طور پر کھانے پر مجبور کیا جاتا ہے، وہ معمول میں خون تھوکتا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت پر زور دیتے ہوئے عمران خان نے لکھا ہے کہ اس (احمد ربانی) کا بنیادی حق ہے کہ حکومت پاکستان اس کو تحفظ فراہم کرے۔خیال رہے کہ امریکا میں قید پاکستانی خاتون عافیہ صدیقی کا افغانستان میں قید ہونے کا معاملہ عمران خان ہی سامنے لائے تھے۔