معمر قذافی کے بیٹے کو اغواکاروں نے رہا کر دیا

image

لبنان میں سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے بیٹے ہانیبال قذافی کو ایک مسلح گروہ کی جانب سے مختصر وقت کے لیے مغوی بنانے کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔
اس سے قبل لبنانی ٹی وی پر نشر کی جانے والی ایک ویڈیو میں وہ  1978 میں معروف شیعہ عالم موسیٰ الصدر کے لاپتہ ہونے کے بارے میں مزید معلومات کی اپیل کرتے دکھایا گیا تھا۔
پولیس نے خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ہانیبال قذافی کو لبنان کے شہر بعلبک میں رہا کیا گیا اور بیروت روانہ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ موسیٰ الصدر کا شمار بیسویں صدر کے معروف ترین شیعہ عالموں میں ہوتا ہے اور وہ  1978 میں دو دیگر افراد کے ہمراہ لیبیا کے دورے کے دوران لاپتہ ہوگئے تھے۔
معمر قذافی نے ان کی گمشدگی میں ملوث ہونے سے الزامات کو مسترد کیا تھا جبکہ بہت سارے دیگر افراد کا خیال تھا کہ ایسا انہی کے کہنے پر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 40 سالہ ہانیبال قذافی کو  2012 میں ان کی والدہ اور بہن کے ہمراہ اومان میں پناہ دی گئی تھی۔
جبکہ ان کے والد معمر قذافی کو  2011 میں ابھرنے والی بغاوت کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ ہنیبال قذافی کتنے عرصے سے لبنان میں مقیم تھے۔
اومان میں قیام کے دوران وہ اپنی بہن عائشہ اور والدہ صفیہ کے ہمراہ گھر میں نظربند تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں