وزیر اعظم نے ثنااللہ زہری کو بلوچستان کا نیا وزیر اعلی نامزد کر دیا

image

وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مری معاہدے کی روشنی میں نواب ثنا اللہ زہری کو بلوچستان کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ثنا اللہ زہری کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ مری معاہدے کی روشنی میں کیا گیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے وفاق بھرپور تعاون کرے گا.
وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا کہ ثناء اللہ زہری بلوچستان میں قیام امن کو یقینی بنائیں گے۔
بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مری معاہدے پر عملدرآمد کا فیصلہ ہوگیا ہے اور صوبے کے آئندہ وزیرِ اعلیٰ مسلم لیگ نواز کے صوبائی صدر نواب ثنا اللہ زہری ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی سربراہی میں اسلام آباد میں جو اجلاس ہوا اس میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ مری معاہدے کے تحت ڈھائی سال کے لیے آئندہ کا وزیر اعلیٰ مسلم لیگ نواز کے صوبائی صدر اور پارلیمانی رہنما نواب ثنا اللہ زہری ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی مخلوط حکومت جن جماعتوں پر مشتمل ہے ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ’بلوچستان میرے دل کے قریب ہے اور مجھے توقع ہے کہ ثنا اﷲ زہری صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنائیں گے۔‘
وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی میں مکمل تعاون کرے گی۔
یاد رہے کہ حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نیشنل پارٹی، مسلم لیگ نواز اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے وزیراعظم نواز شریف کی موجودگی میں ’مری معاہدے‘ پر دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے تحت ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے چار دسمبر کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے دستبردار ہو جانا تھا جس کے بعد آئندہ ڈھائی سال کے لیے مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار کو اس عہدے پر فائز کیا جانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں