دبئی :نریندر مودی کی سرکار نے بالاخرسری لنکا میں پاک بھارت سیریز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے اور بی سی سی آئی نے پی سی بی کو اس سے آگاہ بھی کردیا ہے۔
پیرس میں پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات نے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات میں کشیدگی کو کسی حد تک کم کردیا ہے وہیں نریندر مودی حکومت نے دونوں ممالک کے درمیان ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز پر بھی حامی بھر لی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اپنی حکومت کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے تاہم اب اس کا باضابطہ اعلان وزیر خارجہ سشما سوراج کی اسلام آباد یاترا کے دوران یا فوری بعد کیا جائے گا۔پاک بھارت کرکٹ معاملات کی بحالی میں شریک ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان رواں ماہ ہی سری لنکا میں مختصر سیریز کھیلی جائے گی، جو 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 پر مشتمل ہوگی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا تھا کہ پی سی بی بھارتی حکومت کے جواب کی منتظر ہے۔ پاک بھارت سیریز ہونے کی صورت میں شائقین کو ویزہ کے حصول میں مسائل پیش آسکتے ہیں اور ہم نے سری لنکا حکومت سے کہا ہے کہ وہ ویزہ مسائل حل کرنے میں مدد کرے۔