بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو سدھارنے اور آگے بڑھانے کا پیغام لے کر آئی ہوں۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ’ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔
تین برسوں میں کسی بھی بھارتی وزیر خارجہ کا یہ پہلا پاکستان کا دورہ ہے۔
اس سے قبل قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ نے بینکاک میں اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈوال سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹری بھی موجود تھے۔
’ہارٹ آف ایشیا‘ میں افغان صدر اشرف غنی بھی شرکت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد آمد پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ ان کے دورے میں دونوں ممالک میں بہتر تعلقات پر بات چیت ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیونکہ یہ کانفرنس پاکستان میں ہو رہی ہے اس لیے ’مجھ پر لازم ہے کہ میں وزیر اعظم نواز صاحب سے ملوں اور اپنے ہم منصب سرتاج صاحب سے بھی ملوں۔
’دونوں سے میری ملاقات ہو گی اور دونوں سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو سدھارنے اور آگے بڑھانے پر بات ہو گی۔ یہ کانفرنس نہایت اہمیت کی حامل ہے اس لیے اس میں شرکت کے لیے آئی ہوں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ میں پیغام لے کر آئی ہوں کہ تعلقات بہتر ہوں اور آگے بڑھیں۔ ’باہمی ملاقاتوں میں بات کیا ہو گی وہ تو جاتے ہوئے پتہ چلے گا۔‘
’ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس استنبول عمل کا حصہ ہے، جو افغانستان میں قیامِ امن کے لیے سنہ 2011 میں شروع کیا گیا تھا۔